اسلام آباد: (دنیا نیوز) چینی وفد نے ایک خطہ ایک سڑک منصوبے کی مشاورتی کمیٹی کی سربراہ ژائوبیجی کی سربراہی میں ملاقات وزیراعظم عمران خان سے ملاقات کی۔
اس موقع پر وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ پاکستان سی پیک منصوبوں کو اہمیت دیتا ہے۔ پاک چین دوستی زبردست معاشی شراکت داری میں بدل رہی ہے۔
وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ سی پیک میں زراعت، سماجی، اقتصادی ترقی اور دیگر شعبوں کو شامل کیا گیا ہے۔ ان منصوبوں کی شمولیت سے سی پیک دوسرے مرحلے میں داخل ہو گیا ہے۔
انہوں نے وفد کو یقین دہانی کرائی کہ پاکستان سی پیک کے تحت تعاون کو مزید موثر اور مضبوط بنانے کے لیے ہر کارروائی کرے گا۔ پاکستان مختلف شعبوں میں چین کے تجربہ اور مہارت سے فائدہ اٹھانا چاہتا ہے۔ سرکاری اور نجی شراکت داری اور کاروبار کو موثر بنانے کے لیے وزیراعظم آفس میں سیل بنایا جائے گا۔