اسلام آباد: (دنیا نیوز) بجٹ منظوری روکنے کیلئے اپوزیشن کے رابطوں میں تیزی آ گئی۔ حکومت کے اتحادی بھی مخالفت میں ووٹ دیں گے، اپوزیشن نے دعوی کر دیا۔ شاہد خاقان عباسی کہتے ہیں نمبر گیم بدل سکتی ہے۔ ادھر شیخ رشید نے یہ چیلنج کر دیا کہ جس دن ووٹنگ ہوگی وہ اپنے بندے پورے کر کے دکھائیں۔
بجٹ منظوری روکنے کیلئے اپوزیشن ایک پیج پر کوششیں مزید تیز کر دیں۔ آصف زرداری نے گرفتاری کے بعد پارلیمنٹ میں دبنگ انٹری دی اور بڑا دعویٰ کر دیا۔ کہتے ہیں پی ٹی آئی کے کئی لوگ رابطے میں ہیں۔ بجٹ منظوری میں نمبر گیم بدل سکتی ہے۔ چیئرمین سینیٹ کا معاملہ اے پی سی کے ایجنڈے میں شامل ہوسکتا ہے۔
مسلم لیگ نون کی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا کہ پارلیمان پر حملہ کرنے والے اب پارلیمان کو لاک ڈاؤن کرنے کی تیاری کر رہے ہیں۔ حکومت کے اتحادی بھی بجٹ کیخلاف ووٹ دیں گے۔ شیخ رشید نے شاہدخاقان عباسی کو چیلنج کرتے ہوئے کہا جس دن ووٹنگ ہوگی وہ اپنے بندے پورے کر کے دکھائیں۔
ادھر بجٹ منظوری روکنے کے لئے اپوزیشن کی رابطہ کمیٹی کا قیام بھی عمل میں آ گیا ہے۔ پیپلز پارٹی نے چار نام شہبازشریف کو بھجوا دیے جن میں خورشید شاہ، شیری رحمان، شازیہ مری اور پرویز اشرف شامل ہیں۔ کمیٹی دیگر اپوزیشن جماعتوں سے بھی رابطے کرے گی۔