اسلام آباد: (دنیا نیوز) مسلم لیگ ن کے رہنما خواجہ آصف نے وفاداریاں تبدیل کرانے والوں پر ماحول کشیدہ کرنے کا الزام لگا دیا، کہتے ہیں صلح صفائی کی بات کرنے پر این آر او کا الزام لگتا ہے، نواز شریف سے کل ملاقات کی اجازت نہ دینے کا شکوہ بھی کردیا۔ حکمرانوں کا نشہ اترنا چاہیے، بیرون ملک سے منگوائے گئے معیشت کے ڈاکٹر بیڑہ غرق کرچکے ہیں، خواجہ آصف
خواجہ آصف نے قومی اسمبلی میں اظہار خیال کے دوران کہا کہ نوازشریف کاحوصلہ بلند اورعزم پختہ ہے، وہ 3 بار ملک کے وزیراعظم رہے۔ نوازشریف کا بیانیہ ہے کہ ووٹ کوعزت دو اور ملک میں آئین کی بالادستی ہو، ہمیں اقتدار دینے نہ دینے کا فیصلہ عوام پر چھوڑ دینا چاہیئے۔
انھوں نے کہا کہ گزشتہ روز نوازشریف سے ملاقات کی اجازت نہیں دی گئی، کہا جاتا ہے اپوزیشن تحریک چلا رہی ہے تو یہ اپوزیشن کا حق ہے۔ کوئی ایسی حکومت نہیں آئی جواتنی جلدی ساکھ کھو بیٹھی ہو۔
ن لیگی رہنما نے کہا کہ سینیٹ اجلاس پر رشک آتا ہے، کم ازکم وہاں حالات بہتر ہیں، صلح صفائی کی بات کریں تو این آر او کا الزام لگتا ہے۔ ستم ظریفی ہے چور دروازوں سے آنیوالے اگلی نشستوں پر بیٹھتے ہیں۔ وفاداریاں تبدیل کرانے والے ایوان کا ماحول کشیدہ بناتے ہیں۔