کراچی: (دنیا نیوز) پونے 6 ارب روپے کرپشن ریفرنس میں سندھ ہائیکورٹ نے سابق صوبائی وزیر شرجیل میمن کی درخواست ضمانت منظور کرلی۔ عدالت نے مچلکے جمع کرانے کا حکم دے دیا۔
عدالت نے شرجیل انعام میمن کی درخواست ضمانت پر گذشتہ سماعت پر فیصلہ محفوظ کیا تھا جو آج سنایا گیا۔ عدالت نے شرجیل انعام میمن کی درخواست ضمانت 50 لاکھ کے عوض منظور کی۔ ریفرنس میں 17 ملزمان نامزد ہیں، ملزمان کیخلاف ریفرنس احتساب عدالت میں زیر سماعت ہے، ریفرنس میں سابق سیکرٹری انفارمیشن ذوالفقار شلوانی سمیت 13 ملزمان جیل میں ہیں۔
شرجیل میمن نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ خوش ہوں 21 ماہ بعد عدالت نے ضمانت منظور کرلی ہے، مجھے عدالتوں پر مکمل اعتماد ہے، نام ای سی ایل میں شامل ہے میں بھاگ نہیں رہا۔