اسلام آباد: (دنیا نیوز) شیری رحمان نے کہا ہے کہ وزیراعظم سلیکٹڈ نہیں تو اس لفظ پر پابندی کیوں لگوا رہے ہیں ؟ بلاول کی زبان سے ادا ہونیوالا سلیکٹڈ کا لفظ عمران خان کی پہچان بن گیا۔
پاکستان پیپلزپارٹی کی رہنما شیری رحمان نے قومی اسمبلی میں سلیکٹڈ لفظ پر پابندی سے متعلق ردعمل دیتتے ہوئے کہا عمران خان نے سلیکٹڈ کے لفظ پر کل تالیاں بجائی تھیں، عمران خان نے آج سلیکٹڈ کے لفظ پر پابندی لگوا دی، سلیکٹڈ لفظ پر پابندی لگوانا دراصل عمران خان کے دل کا چور ہے، عمران خان کا لفظ سلیکٹڈ سے اتنا خوف مضحکہ خیز ہے۔
شیری رحمان کا کہنا تھا عمران خان کو پہلے میانوالی کا کونسلر بنوایا ہوتا تو آج ملک کی یہ حالت نہ ہوتی، جس شخص کی کونسلر کی سیٹ جیتنے کی اہلیت نہ ہو اور وہ وزیراعظم سلیکٹ ہو جائے تو ملک تو تباہ حال ہوگا۔