اسلام آباد: (دنیا نیوز) گردشی قرضوں سے نمٹنے کے لئے حکومت جلد ہی مزید 200 ارب روپے کے اسلامک بانڈز جاری کرے گی۔
ذرائع ک مطابق پاکستان انرجی سکوک کے نام سے 200 ارب روپے کے انرجی بانڈز جاری کرے گی، ان بانڈز کی مدد میعاد 10 سال ہوگی، اس وقت 6 ماہ کے لئے کائیبور 13.05 فیصد ہے، اس طرح ان بانڈز پر شرح منافع 13.85 فیصد ہوگا۔
ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ 182 ارب روپے کے سکوک اسلامی بینکس، 15 ارب روپے کے میوچل فنڈز اور 3 ارب روپے کے سکوک تکافل کمپنیاں خریدیں گی۔
اس سے قبل حکومت نے مارچ 2019 میں 200 ارب روپے کے سکوک جاری کیے تھے جس کے بعد گردشی قرضوں کا حجم 1400 ارب روپے سے کم ہو کر لگ بھگ 1200 ارب روپے کے قریب آگیا تھا۔
تجزیہ کاروں کے مطابق حکومت ایک قرض کو چکانے کی خاطر دوسرا قرض لے رہی جو اس مسئلے کا مستقل حل نہیں اس لئے حکومت کو چاہئے کہ وہ پاور سیکٹر میں لائن لاسسز اور چوری کا خاتمہ کرے جو گردشی قرضوں میں اضافے کی بڑی وجہ ہے۔