اسلام آباد: (دنیا نیوز) عمر ایوب نے کہا ہے کہ پاکستان کو عمران خان کی صورت میں لیڈر ملا جو چوروں کیخلاف ہے، ابھی تک ن لیگ نے نظریہ پاکستان کا کریڈٹ نہیں لیا، منتظر ہیں۔
وفاقی وزیر عمر ایوب نے قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا شہباز شریف نے اپنی پارٹی پر خود کش حملہ کر دیا، قوم نے مجموعی طور پر 30 ہزار ارب قرضہ ادا کرنا ہے، گزشتہ حکومتوں نے 30 ہزار 846 ارب قرضہ لیا، 10 سال میں 24 ہزار ارب روپے قرضہ لیا گیا، اس سال 3 ہزار ارب قرضوں کے سود کی مد میں ادا کریں گے، 5500 ارب ریونیو اکٹھا کر کے دکھائیں گے، 2013 سے 2018 تک ملک میں کرنسی چھپائی میں 100 فیصد اضافہ ہوا۔
عمر ایوب کا کہنا تھا ماضی میں ملکی معیشت سے متعلق مجرمانہ غفلت کا مظاہرہ کیا گیا، دونوں پارٹیوں نے قرض لینے میں ایک دوسرے کو پیچھے چھوڑا، ملکی نظام کو بہتر کرنے کیلئے اقدامات کر رہے ہیں، گزشتہ حکومت نے زیادہ قرضے لیے اور نوٹ چھاپے جس سے افراط زر میں اضافہ ہوا، 10 سال میں برآمدات میں اضافہ کے بجائے کمی ہوئی، گزشتہ حکومت نے ڈالر کی قیمت کو مصنوعی سہارا دیا، ن لیگ کی فارن ایکس چینج پالیسی انتہائی غلط تھی۔
وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ ن لیگ نے مصنوئی طور پر ڈالر کو سہارا دینے کیلئے 24 ارب ڈالر خرچ کیے، تریموں پروجیکٹ کیلئے گیس خریداری کا معاہدہ ہی نہیں کیا، پیپلزپارٹی کی حکومت 7 بار جبکہ ن لیگ کی حکومت 3 بار آئی ایم ایف کے پاس گئی، کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ 20 ارب ڈالر پر ہے، سویلین حکومت نے اخراجات میں 50 ارب کٹوتی کی۔