اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اہم اجلاس جاری ہے۔ حالیہ گرفتاریوں، اپوزیشن کی اے پی سی اور ممکنہ احتجاج کے پلان پر غور کیا جا رہا ہے۔
وزیراعظم کابینہ کو امیر قطر کی پاکستان آمد اور 21 ارب ڈالرکے معاہدوں کی تفصیلات سے آگاہ کریں گے، کابینہ اجلاس میں ہائی پاورڈ انکوائری کمیشن کے قیام اور سرپرستی کا معاملہ بھی زیر غور آئے گا۔
وفافی کابینہ اجلاس کے 15 نکاتی ایجنڈے میں احساس پروگرام اور ویزہ این او سی لبرالائزیشن پالیسی پر بریفنگ دی جائے گی، کابینہ کو اثاثہ جات اسکیم میں اب تک کی پیش رفت پر بریفنگ دی جائے گی، پاک ایران میری ٹائم سرچ اینڈ ریسکیو معاہدہ کی منظوری بھی ایجنڈے میں شامل ہے۔
کابینہ ریلوے بارڈ کے پرائیویٹ ممبر کی تقرری کی منظوری دے گی، ایف آئی اے اور پی ٹی اے تصدیق شدہ چوری کے کیسز پر کابینہ کو بریفنگ دے گی، نسٹ اور میکسیکو یونیورسٹی میں تعاون کے معاہدے پر دستخط کی منظوری دی جائے گی، بجلی کی تقسیم ساز کمپنیوں میں کام کرنے والے سٹاف کو ریگولر کرنے پر بات ہوگی۔
پاکستان انڈسٹریل ٹیکنیکل اسسٹنس سنٹر اور چینی یونیورسٹی جیانگ سو کے معابین معاہدے کی منظوری دی جائے گی، وفاقی کابینہ مختلف ممالک کے ساتھ تاخیر کا شکار ہونے والے معاہدوں کی منظوری دے گی، وفاقی کابینہ کو اب تک کابینہ اجلاسوں کے فیصلوں پر عدرآمد پر بریفنگ دی جائے گی۔