اسلام آباد: (دنیا نیوز) نون لیگ کے بعد پیپلزپارٹی نے بھی حکومت کے ساتھ اکنامک پالیسی پر مذاکرات کی خواہش کا اظہار کر دیا۔ انہوں نے کہا پکڑ دھکڑ بند ہونی چاہئے، جو طاقتیں حکومت لاتی ہیں انہیں سوچنا ہوگا، ایسا نہ ہو عوام سڑکوں پر نکل آئیں۔
سابق صدر آصف علی زرداری نے قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا حکومتی بجٹ اخباروں میں دیکھا، بیٹھ کر معاشی پالیسی پر بات کر لیتے ہیں، اس میں کوئی صداقت نہیں کہ بجٹ محکمہ فنانس میں بنایا گیا، پاکستان ہے تو ہم سب ہیں، پیپلزپارٹی نے جانوں کا نذرانہ دیا، ملک میں کون کون حساب دے گا، مجھے پکڑنے سے پیپلزپارٹی کو کوئی فرق نہیں پڑتا، لوگ سوچتے ہیں آصف زرداری کو پکڑ لیا تو ہمارا کیا بنے گا۔
شریک چیئرمین پی پی کا کہنا تھا ہر صنعت کہ رہی ہے کہ ہمیں بچاؤ، بجٹ اچھا ہے تو غریب کیوں رو رہے ہیں، سرکاری ملازمین کی تنخواہیں بڑھا کر ٹیکس بھی لگا دیا گیا، 5 لاکھ کے چیک پر بھی ایف بی آر نوٹس بھیج دیتا ہے، اسمبلی میں آکر پرانی یادیں تازہ ہوگئیں، جیلیں ہمارے لیے کوئی نئی بات نہیں، جو طاقتیں حکومت کو لے کر آئیں انہیں بھی سوچنا ہوگا۔