لاہور: (دنیا نیوز) روزنامہ خلیج ٹائمز نے پاکستانی حکام کے حوالے سے دعویٰ کیا کہ پاکستانیوں نے دوسرے ممالک میں ایک ہزار ارب روپے سے زائد کا کالا دھن سفید کیا ہے۔
عرب اخبار نے پاکستان کے ٹیکس کے ادارے کے حوالے سے رپورٹ میں دعویٰ کیا کہ پاکستانیوں نے ایک ٹریلین سے زائد کالے دھن کو بیرون ملک سفید کیا۔
جن ممالک میں اثاثے ظاہر کئے گئے، ان میں متحدہ عرب امارات، سنگاپور، برطانیہ اور کینیڈا شامل ہیں۔
خلیج ٹائمز کے مطابق سب سے زیادہ تین سو چھیالیس ارب روپیہ متحدہ عرب امارات (یو اے ای) میں سفید ہوا۔ سوئٹرزلینڈ میں 114 ارب روپے کا سرمایہ ظاہر کیا گیا، برطانیہ میں نواسی ارب، سنگاپور میں ستاسی ارب اور برٹش ورجن آئی لینڈ میں 48 ارب روپے کا کالا دھن سفید ہوا۔
ڈائریکٹر جنرل فور انٹرنیشنل ٹیکس فیڈرل بورڈ آف ریونیو محمد اشفاق کے مطابق دنیا بھر میں پاکستانیوں کو ٹیکس ایمنسٹی سے فائدہ اٹھانے کاپیغام دیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ باہمی معاہدے کے تحت متحدہ عرب امارات اور پاکستان پراپرٹی کی تفصیل شئیر کرے گا۔ گزشتہ سال پاکستان نے 28 ممالک جبکہ رواں سال 71 ممالک سے تفصیلات حاصل کیں۔ تفصیلات کا یہ دائرہ کار آئندہ دو سے تین سال میں 100 ممالک تک بڑھ جائے گا۔