اسلام آباد: (دنیا نیوز) اسلام آباد ہائیکورٹ نے فیصلہ سناتے ہوئے کہا ہے کہ کم عمری کی شادی رجسٹر کرنے والا نکاح خواں جیل جائےگا جبکہ اس کا لائسنس بھی معطل ہوگا۔ جسٹس محسن اختر کیانی نے غیر قانونی دھندہ کرنے والے تین نکاح خوانوں کی نشاندہی بھی کر دی۔
جسٹس محسن اختر کیانی نے فیصلے میں قرار دیا کہ کم عمری کی شادی رجسٹرڈ کرنا قانوناً جرم ہے، لڑکی کے اغوا کے مقدمے میں شادی کا عنصر سامنے آئے تو پولیس لڑکی کی عمر کا تعین کرے۔ کم عمری کی شادی رجسٹرڈ کرنے والے نکاح خواں کیخلاف پولیس کارروائی کرے اور اس کا لائسنس معطل کیا جائے۔ آئی جی اور چیف کمشنر اسلام آباد فیصلے پر عمل کروائیں۔
فاضل جج نے دوران سماعت ریمارکس دیئے کہ اسلام آباد میں تین نکاح خواں سب کو ملے ہوئے ہیں، مختلف مقدمات میں ان تینوں کا ہی نام آتا ہے، ایک نکاح خواں کے خلاف 28 پرچے درج ہیں۔