آصف زرداری نیب کی بدنیتی ثابت کرنے میں ناکام رہے: تفصیلی فیصلہ جاری

Last Updated On 18 June,2019 11:54 am

اسلام آباد: (دنیا نیوز) آصف زرداری اور فریال تالپور کی ضمانت مسترد کرنے سے متعلق اسلام آباد ہائیکورٹ نے 7 صفحات پر مشتمل تفصیلی فیصلہ جاری جاری کر دیا۔

عدالتی فیصلے میں کہا گیا ہے کہ آصف زرداری میگا منی لانڈرنگ کیس میں نیب کی بدنیتی ثابت کرنے میں ناکام رہے، نیب کے مطابق منی ٹریل کا براہ راست تعلق آصف علی زرداری سے ہے، نیب کو تحقیقات کے لیے آصف زرداری کی حراست درکار ہے، دیگر جرائم کی طرح وائیٹ کالر کرائم کا سراغ لگانا آسان نہیں، ملزمان کو دستاویزات سے سامنا کروانا اور کڑیاں جوڑنا ضروری ہوتا ہے۔

تفصیلی فیصلے میں مزید کہا گیا کہ احتساب عدالت میں جمع کرائے گئے مچلکے صرف حاضری کے لیے ہیں، سیکشن 91 کے مچلکے نیب کو گرفتاری سے نہیں روک سکتے، نیب میگا منی لانڈرنگ کیس کی تحقیقات کر رہا ہے، کیس کی تحقیقات جاری ہوں تو چیئرمین نیب کو ملزم کے وارنٹ گرفتاری جاری کرنے کا اختیار ہے، عبوری ریفرنس دائر ہونے پر چیئرمین نیب کا ملزم کے وارنٹ جاری کرنے کا اختیار ختم نہیں ہوتا، صرف غیر معمولی حالات میں ہی ملزم کو ضمانت دی جاسکتی ہے۔