لاہور: (دنیا نیوز) ترجمان وزیراعلیٰ پنجاب ڈاکٹر شہباز گل نے کہا ہے کہ اپوزیشن کے اعلامیہ سے قوم کو شدید مایوسی ہوئی، کھودا پہاڑ نکلا چوہا۔ کئی دنوں سے خواہ مخواہ چائے کی پیالی میں طوفان مچانے کی کوشش کی گئی۔
ترجمان وزیراعلیٰ پنجاب ڈاکٹر شہباز گل نے اے پی سی کے اعلامیہ پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بالاخر مولانا فضل الرحمان کی قیادت میں اسلام آباد میں بے روزگاروں کا اجتماع ہوا، مولانا باقی پارٹیوں کو بھی اسمبلی سے مستعفی کرنا چاہتے تھے لیکن وہ سمجھدار نکلے۔
شہباز گل نے کہا کہ پورا پورا خاندان بیرونی دوروں پر ہمراہ رکھنے والے آج مگرمچھ کے آنسو بہا رہے ہیں۔ اپوزیشن جماعتیں معیشت پر عوام کو گمراہ نہ کریں، اشتہاری اسحاق ڈار کو ملک واپس بلائیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ڈان لیکس، میمو گیٹ سکینڈل اور جندال کے پارٹنر خارجہ پالیسی کی الف، ب نہیں جانتے۔ قومی اداروں پر کیچڑ اچھالنے والے کس منہ سے ملکی سلامتی کی بات کرتے ہیں؟