کراچی: (دنیا نیوز) پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما مولابخش چانڈیو نے گیس کی قیمتوں میں اضافے کی مذمت کرتے ہوئے اسے ناقابل قبول اور ناقابل برداشت قرار دیدیا ہے۔
مولا بخش چانڈیو نے مطالبہ کیا کہ حکومت فوری طور پر قیمتوں میں اضافہ واپس لے اور اپنی ناکام اور نااہل معاشی ٹیم کا بدلہ قوم سے مت لے۔ لوگوں کی جیبوں پر ڈاکے ڈال کر قومی خزانہ نہیں بھرا جا سکتا۔
ان کا کہنا تھا کہ قوم کو سبز باغ دکھانے والے عذاب بن چکے ہیں۔ ڈالر روزانہ مہنگا ہوتا جا رہا ہے جبکہ معیشت کا بیڑا غرق ہو چکا ہے۔ کوئی ایسا دن نہیں جس دن مہنگائی بم بن کر عوام پر نہ گرتی ہو۔
انہوں نے کہا کہ تبدیلی سرکار نے غریبوں کا خون تو نچوڑ لیا، اب ہڈیاں پیس رہی ہے۔ لوگوں کی قوت خرید جواب دے چکی، اب حکومت عوام کے غیض وغضب کیلئے تیار رہے۔
پیپلز پارٹی رہنما مولا بخش چانڈیو نے کہا کہ حکومت کو خبردار کرتے ہیں کہ اب بھی وقت ہے وہ پالیسی بدلے۔ بھوک اور افلاس سے تنگ لوگ سڑکوں پر آئے تو حکمرانوں کو چھپنے کی جگہ نہیں ملے گی۔