اسلام آباد: (دنیا نیوز) فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ سیاست میں کسی کی ذات پر تنقید قابل مذمت ہے، وزیراعظم کیلئے قابل اعتراض الفاظ کسی صورت قابل قبول نہیں، جس کے قول و فعل میں تضاد ہے وہ ڈیفیکٹڈ ہے۔
وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے اپنے ٹویٹ میں کہا ملک کی تاریخ میں پہلی بار ٹیکس وصولی کے قومی فرض کو تحریک کی شکل دینے کا کریڈٹ وزیراعظم عمران خان کو جاتا ہے۔ ان کا کہنا تھا وزیراعظم نے اپنے عمل سے ثابت کیا کہ ہم قوم بن کر محتاجی کی دلدل سے نکلنے کی جدوجہد کریں، انہوں جرات مندانہ فیصلے کئے۔
فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا پاکستان کو خود انحصاری کی منزل سے ہمکنار کرنے کی جانب عملی قدم کپتان نے اٹھایا، حب الوطنی اسے کہتے ہیں، وزیراعظم عمران خان نے سیاسی نہیں قومی مفاد میں جرات مندانہ فیصلے کئے ہیں، سیاسی مخالف بھی تسلیم کر رہے ہیں کہ اس کڑی دھوپ سے ایک بار ہم ہمت، حوصلے اور استقامت سے گزر گئے تو روشن مستقبل ہماری منزل ہوگا۔