اسلام آباد: (دنیا نیوز) معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے امیر قطر کی جانب سے براہ راست سرمایہ کاری اور ڈیپازٹ کیلئے 3 ارب ڈالر پر ان کا شکریہ ادا کیا ہے۔
معاون خصوصی برائے اطلاعات ونشریات فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ امیر قطر کی طرف سے بھاری سرمایہ کاری کا اعلان وزیراعظم کی قیادت پر اعتماد ہے۔ مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کیلئے قطر کا اہم کردار ہے۔ پاکستان عالمی سطح پر تنہائی کا شکار ہو چکا تھا، انہوں نے پاکستان کو عالمی تنہائی سے نجات دلائی۔
ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم پاکستان میں بدعنوانی کیخلاف جنگ لڑ رہے ہیں۔ چند دن پہلے کہا تھا اپوزیشن اپنے ہی بیانیے میں دھنس گئی ہے، وہ پہلے اپنا ایک بیانیہ بنائے۔
فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ اقوام متحدہ نے سفر کیلئے پاکستان کو محفوظ ترین ملک قرار دیا ہے۔ پاکستان کو فیملی سٹیٹس دینا اعتماد کا مظہر ہے۔ انہوں نے بتایا کہ سیاحت کے شعبے کے فروغ کیلئے حکومت نے مختلف مراعات کا اعلان کیا ہے۔