وزیراعظم عمران خان نے وفاقی کابینہ کا اجلاس 2 جولائی کو طلب کرلیا

Last Updated On 28 June,2019 11:03 am

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان نے وفاقی کابینہ کا اجلاس 2 جولائی کو طلب کرلیا۔ وفاقی کابینہ 40 ہزار روپے مالیت کے بانڈز پر پابندی کی منظوری دے گی۔

اسلام آباد جیل تعمیر منصوبے کیلیے ماسٹر پلان میں تبدیلی ایجنڈے میں شامل ہے، شمالی کوریا کے شہریوں کو ورک ویزا جاری کرنے کی تجویز کی بھی منظوری دی جائے گی، کابینہ اجلاس میں اسلام آباد سینئر سٹیزن ویلفیئر بل 2019 کی بھی منظوری دی جائے گی، بچوں کے حقوق کے لیے قومی کمیشن بنانے کی تجویز بھی کابینہ کے ایجنڈے میں شامل ہے۔

پرائیویٹ پاور انفراسٹرکچر بورڈ کے ایم ڈی کی تعیناتی کی بھی منظوری دی جائے گی، صوبوں سے ہسپتالوں کی وفاقی حکومت کو منتقلی کا معاملہ بھی زیر غور آئے گا، سیلز، ود ہولڈنگ ٹیکسز کے بقایا جات کی ریکوری کیلئے رضاکارانہ اسکیم لانے پر غور ہوگا، اضافی حج کوٹہ کا معاملہ بھی وفاقی کابینہ کے ایجنڈے میں شامل ہے۔

وفاقی کابینہ کو احساس پروگرام پر بریفنگ دی جائے گی، کابینہ کے فیصلوں پر عملدرآمد کا بھی جائزہ لیا جائے گا۔