اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ پاکستان پرامن، مستحکم اور خوشحال افغانستان کی حمایت جاری رکھے گا۔ افغانستان سے تجارت معاشی تعاون اور عوامی رابطوں کا فروغ چاہتے ہیں۔ افغانستان میں پائیدار امن سے ہی دونوں ممالک میں معیشت کو فائدہ ہوگا۔
وزیراعظ٘م عمران خان اور پاکستان کے دورے پر آئے افغان صدر اشرف غنی کے درمیان ملاقات کا مشترکہ اعلامیہ جاری کر دیا گیا ہے۔ اعلامیہ کے مطابق وزیراعظم نے پرامن ہمسائیگی کے حوالے سے پاکستان کے موقف اور افغان امن عمل کے لیے مشترکہ ذمہ داری سے متعلق عزم کو دہرایا۔
مشترکہ اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ افغانوں کا اپنا شروع کردہ امن عمل ہی عشروں سے جاری افغان تنازع کا موثر حل ہے۔ وزیراعظم پاکستان نے اس مقاصد کے لیے نتیجہ خیز انٹرا افغان مذاکرات کی حمایت کی اور کہا کہ افغانستان کی علاقائی سالمیت اور خود مختاری کا احترام کرتے ہیں۔ پاکستان اس مشکل گھڑی میں افغان عوام کے ساتھ کھڑا ہے۔
دونوں رہنماؤں نے دوستی اور تعاون کا نیا دور شروع کرنے، دونوں ممالک کے عوام کے مفاد کے لیے اعتماد اور ہم آہنگی کو مضبوط بنانے جبکہ خطے میں امن، استحکام اور خوشحالی کے لیے مل کر کام کرنے پر اتفاق کیا۔