اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان نے قوم کے نام نشریاتی پیغام میں کہا ہے کہ ٹیکس چوری ختم کرنے کے لیے حکومت کو عوام کے تعاون کی ضرورت ہے، اثاثے ڈکلیئر کرنے کے لیے ایمنسٹی سکیم سے فائدہ اٹھائیں۔
وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ ہم اس وقت قرضوں کی دلدل میں پھنسے ہوئے ہیں، گزشتہ 10 سال میں پاکستان کا قرضہ 6 سے 30 ہزار ارب تک چلا گیا۔
ان کا کہنا تھا کہ ہم کرپشن کرنے والوں کو نہیں چھوڑیں گے لیکن اب ہمیں ٹیکس چوری بھی روکنی ہے۔ ٹیکس کی چوری ختم کرنے کیلئے مجھے عوام کی مدد اور تعاون کی ضرورت ہے۔ اثاثے ڈکلیئر کرنے کیلئے ہم ایک اہم سکیم لائے ہیں۔
وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ میرے پاکستانیوں میں بار بار کہ چکا ہوں کہ اگر حکومت اور عوام ملیں گے نہیں تو ہم قرضوں کی دلدل سے نکل نہیں سکتے۔ ہم اپنے بچوں کو غربت سے نکال سکتے ہیں۔
اپنے خظاب میں وزیراعظم نے کہا کہ میں نہیں چاہتا کہ آپ لوگ مشکل میں آئیں، ایف بھی آر کے پاس سارا ڈیٹا موجود ہے۔ آپ کے پاس اثاثے ظاہر کرنے کا سنہری موقع ہے جو 30 جون تک ظاہر کیے جا سکتے ہیں۔
وزیراعظم نے کہا کہ میں چاہتا ہوں کہ قوم اس سکیم کا فائدہ اٹھائے اور ملک کو مشکل سے نکالے۔ مجھے ان مسائل کے حل کے لئے قوم کی ضرورت ہے۔ ہم اپنے بچوں کا مستقبل ٹھیک کر سکتے ہیں، ہم اپنے لوگوں کو غربت سے نکال سکتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہم نے اگلے سال ساڑھے 5 ہزار ارب روپیہ اکھٹا کرنا ہے، اگر قوم فیصلہ کرلے تو ہم ہر سال 8 ہزار ارب سے زیادہ پیسہ اکھٹا کر سکتے ہیں۔ 2005ء میں زلزلہ آیا میں نے اپنی قوم کو ایکشن میں دیکھا۔ 2010ء میں سیلابوں کی وجہ سے نقصان ہوا تو پوری دنیا سے پاکستانیوں نے حصہ ڈالا۔