ن لیگ بکھرنے لگی، وزیراعظم سے پنجاب اسمبلی کے 15 ارکان کی ملاقات

Last Updated On 30 June,2019 11:50 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) نون لیگ بکھرنے لگی، وزیراعظم سے پنجاب اسمبلی کے پندرہ ارکان نے ملاقات کی، رہنماؤں نے عمران خان اور عثمان بزدار پر اظہار اعتماد کیا، نعیم الحق نے بھی بیٹھک کی تصدیق کر دی، اس ملاقات سے چیئرمین سینیٹ کو ہٹانے کی کوشش کرتی اپوزیشن کو بڑا دھچکہ لگا ہے۔

مسلم لیگ نون کی صفوں میں دارڑیں پڑ نے لگیں، سیاست میں نئی ہلچل، پارٹی قیادت کے رویے سے نالاں مسلم لیگ نون کے اراکین پنجاب اسمبلی نے وزیراعظم عمران خان سے بنی گالہ میں ملاقات کی اور تحریک انصاف میں شمولیت کا عندیہ دے دیا۔ لیگی اراکین نے عمران خان کی قیادت پر بھی مکمل اعتماد کا اظہار کیا۔

وزیراعظم کے معاون خصوصی نعیم الحق نے بھی لیگی ارکان کی وزیراعظم سے ملاقات کی تصدیق کر دی، کہتے ہیں مسلم لیگ ن پنجاب میں بکھرنا شروع ہو گئی ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار ان ارکان کو ساتھ لیکر آئے تھے۔

ذرائع کےمطابق ڈیڑھ گھنٹہ جاری رہنے والی بیٹھک میں وزیراعظم نے نون لیگ کے اراکین کو یقین دلایا کہ آئندہ چھ ماہ کے دوران پورے پنجاب میں بلا تخصیص ترقیاتی کام شروع کیے جائیں گے اور واضح تبدیلی نظر آئے گی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ملاقات کرنے والے اراکین کے نام صیغہ راز میں رکھے جا رہے ہیں۔ اس ملاقات سے چیئرمین سینیٹ کو ہٹانے کی کوشش کرتی اپوزیشن کو بڑا دھچکہ لگا ہے۔ 

Advertisement