لاہور: (دنیا نیوز) سردار عثمان بزدار نے کہا کہ اپوزیشن جماعتیں ایک دوسرے کے ساتھ بھی مخلص نہیں، اپوزیشن جماعتوں کا غیر فطری اتحاد جلد اپنے منطقی انجام کو پہنچ جائے گا۔
لاہور سے جاری بیان میں وزیراعلی پنجاب عثمان بزدار نے کہا کہ انتشار پھیلانے کی ناکام کوشش کرنے والی اپوزیشن خود انتشار کا شکار ہے، اپوزیشن جماعتوں کا پارلیمنٹ کے اندر اور باہر طرز عمل غیر جمہوری ہے، اے پی سی کی ناکامی کے بعد اپوزیشن کی رہی سہی ساکھ بھی ختم ہو گئی ہے۔
عثمان بزدار نے کہا کہ کئی برس سے حکمران رہنے والوں نے عوام کی بنیادی ضروریات کو نظرانداز کیا، مایوسی پھیلانے والے سابق حکمرانوں نے اپنے دور میں عوام کیلئے کچھ نہیں کیا، سابق حکمرانوں کی ترجیحات سڑکیں، پل اور عمارتیں تھیں، ہماری حکومت نے انسانی ترقی پر فوکس کیا ہے، ذاتی نمود و نمائش کے منصوبوں کی بجائے انسانی ترقی کو اپنا محور بنایا ہے۔