اسلام آباد: (دنیا نیوز) مسلم لیگ (ن) کے صدر میاں شہباز شریف نے رانا ثنا اللہ کی گرفتاری کو بجٹ سے توجہ ہٹانے کی کوشش قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ایسے مہنگائی ختم ہوسکتی ہے تو ہم سب جیل جانے کو تیار ہیں۔
مسلم لیگ (ن) کے پارلیمانی ایڈوائزری گروپ کے اجلاس کے بعد میڈیا نمائندوں سے گفتگو میں شہباز شریف کا کہنا تھا کہ گزشتہ روز رانا ثنا اللہ کیخلاف ریاستی دہشت گردی کی گئی۔ ان کی گرفتاری زیادتی، ظلم اور جبر ہے۔ عمران خان نیازی کو بہت بڑی غلط فہمی ہے، جیلوں میں جانے سے ہماری آواز دبائی نہیں جا سکتی۔
شہباز شریف نے الزام عائد کیا کہ وزیراعظم عمران خان نے معیشت کو تباہ کر دیا ہے جس کی وجہ سے آج پوری قوم پریشان ہے۔ پاکستان کی 71 سالہ تاریخ میں غلط بیانی کرنے والا وزیراعظم نہیں دیکھا۔ انہوں نے بجٹ سے توجہ ہٹانے کے لیے رانا ثنا اللہ کیخلاف کارروائی کی۔
ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جب سڑکوں پر آنے کا وقت آئے گا تو پیچھے نہیں ہٹیں گے، ہم ان فسطائی ہتھکنڈوں سے ڈرنے والے نہیں ہیں۔ دعا کریں اللہ تعالیٰ عمران نیازی کو عقل دے، ورنہ یہ پاکستان کا برا حال کر دیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ عمران خان سے ملاقات کرنے والے ایم پی ایز کو نوٹس دیئے جائیں گے، پارٹی میں کمیٹی بنا دی ہے، ان سے پوچھا جائے گا کہ کیوں ملاقات کی؟
اس موقع پر سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے دعویٰ کیا کہ رانا ثنا اللہ کی گاڑی سے کوئی چیز برآمد نہیں ہوئی، یہ ایسی کہانی ہے جس پر کوئی یقین نہیں رکھتا۔ رانا ثنا کا بدترین مخالف بھی منشیات کی بات نہیں کرے گا لیکن حکومت اس نہج تک پہنچ گئی ہے۔ مسائل سے توجہ ہٹانے کے لیے ایسے اوچھے ہتھکنڈوں پر اتر آئی ہے۔