فیصل آباد: (دنیا نیوز) مسلم لیگ کے سٹی صدر شیخ اعجاز کی گرفتاری کا معاملہ، فیصل آباد پولیس سڑکوں پر لے کر گھومتی رہی، پانچ گھنٹے بعد رہا کر دیا۔
تفصیلات کے مطابق فیصل آباد میں مسلم لیگ کے سٹی صدر شیخ اعجاز کو پولیس نے پانچ گھنٹے بعد رہا کر دیا ہے۔ شیخ اعجاز نے بتایا کہ انھیں پولیس نے پانچ گھنٹے بعد امین پور انٹرچینج پر اتار دیا تھا۔
خیال رہے کہ شیخ اعجاز کی قیادت میں آج رانا ثنا اللہ کی گرفتاری کیخلاف ضلع کونسل چوک میں احتجاج کیا جانا تھا، تاہم اس سے قبل ہی انھیں ان کی رہائشگاہ سے گرفتار کر لیا گیا۔ اطلاعات ہیں کہ آئندہ چند روز میں مزید گرفتاریاں متوقع ہیں۔ فیصل آباد سے 2 پارلیمنٹرینز کے حوالے سے بھی انوسٹی گیشن کی جا رہی ہیں۔
دوسری جانب انسداد منشیات فورس کی جانب سے رانا ثنا اللہ کو جوڈیشل مجسٹریٹ کی عدالت کے روبرو پیش کیا گیا۔ اے این ایف کی جانب سے عدالت سے ریمانڈ کی استدعا کی گئی جسے منظور کر لیا گیا۔ رانا ثنا اللہ پر ڈرگ ڈیلرز اور کالعدم تنظیموں سے روابط کا الزام ہے۔
دنیا نیوز نے اینٹی نارکوٹکس فورس کی جانب سے رانا ثنا اللہ کے خلاف درج مقدمہ کی کاپی حاصل کر لی ہے جس کے متن میں کہا گیا ہے کہ اینٹی نارکوٹکس نے رانا ثنا اللہ کی گاڑی سے 21 کلو سے زائد منشیات برآمد کی، برآمد ہونے والے منشیات میں 15 کلو ہیروئن بھی شامل ہے۔
مقدمے میں منشیات ایکٹ کی 9 سی، 15، 17 اور دیگر دفعات شامل ہیں۔ ایف آئی آر میں کہا گیا کہ مخبر نے اطلاع دی کہ رانا ثنا اللہ کی گاڑی میں منشیات ہے جس کے بعد ان کی گاڑی روکنے کیلئے حکمت عملی مرتب کی گئی۔