اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان نے ہدایات جاری کی ہیں کہ کاروباری طبقے کو باور کرایا جائے کہ ان اصلاحات کا مقصد ملک کی اقتصادی ترقی کو یقینی بنانا ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزیرِاعظم عمران خان سے وزیرِاعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے ملاقات کی جس میں وزیر منصوبہ بندی مخدوم خسرو بختیار، مشیر خزانہ ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ، مشیر تجارت عبدالرزاق داؤد اور چیئرمین ایف بی آر شبر زیدی سمیت اہم شخصیات موجود تھیں۔
ملاقات میں پنجاب میں صنعتی شعبے، زراعت اور سیاحت کے فروغ، خصوصی اقتصادی زونز کے قیام اور کاروباری طبقے کو درپیش مسائل کے حل کے سلسلے میں اٹھائے جانے والے اقدامات پر بریفنگ دی۔
اس موقع پر وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ نامساعد معاشی حالات میں حکومت نے متوازن بجٹ پیش کیا ہے۔ اس بجٹ میں صنعتی شعبے کا فروغ اور کمزور طبقے کے تحفظ پر پوری توجہ دی گئی۔
وزیراعظم نے کہا کہ معاشی صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے حکومت نے مشکل فیصلے کیے، ان فیصلوں کا مقصد معیشت کی سمت درست کرنا اور ملک کو معاشی مشکلات سے نکالنا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ کاروباری برادری کے تحفظات کا مکمل ادراک ہے۔ ٹیکس کے نظام پر کاروباری طبقے کا اعتماد بحال کرنے کے لئے ایف بی آر میں اصلاحات کا عمل جاری ہے۔ کاروباری برادری سمیت تمام طبقے از خود معاشی ترقی کے عمل میں حصہ دار بنیں۔
انہوں نے ہدایات جاری کیں کہ چئیرمین ایف بی آر سمیت معاشی ٹیم مختلف کاروباری تنظیموں سے ملاقات کرے، ان کو معاشی اور ٹیکس نظام میں اصلاحات سے تفصیلی طور پر آگاہ کیا جائے۔
وزیراعظم عمران خان نے ہدایت جاری کی کہ کاروباری طبقے کو باور کرایا جائے کہ اصلاحات کا مقصد ملک کی اقتصادی ترقی کو یقینی بنانا ہے۔