اسلام آباد: (دنیا نیوز) خسرو بختیار نے کہا ہے کہ سی پیک کا دوسرا مرحلہ شروع کر رہے ہیں، منصوبے کیلئے سی پیک اتھارٹی قائم کریں گے، سی پیک کے موجودہ ڈھانچے کو بھی تبدیل کریں گے۔
وفاقی وزیر منصوبہ بندی خسرو بختیار نے اسلام آباد میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا حکومت سی پیک کے جاری معاہدوں پر عمل کر رہی ہے، پاکستان کو درپیش چیلنجز سے نکلنے کیلئے سی پیک ایک پلیٹ فارم ہے، پاک چین بزنس کونسل بنانے کا فیصلہ کیا ہے، سی پیک پاک چین تعلقات کا مظہر ہے، اسے جاری رکھنے کیلئے متحرک ہیں، بدقسمتی سے 4 سال سے گوادر پر کوئی پیشرفت نہیں ہوسکی، سی پیک اتھارٹی کے قیام کا فیصلہ کیا ہے، گوادر ماسٹر پلان آخری مراحل میں ہے۔
خسرو بختیار کا کہنا تھا حکومت سی پیک کے تحت تمام منصوبے مکمل کرنے کیلئے پرعزم ہے، 70 سال سے ریلوے کا نظام فرسودہ ہو چکا ہے، ہمارا فوکس ایم ایل ون منصوبہ ہے، ریلوے کے نظام کو اپ گریڈ کریں گے، ایم ایل ون منصوبے کو 3 مراحل میں مکمل کیا جائے گا، سی پیک کے اہداف کے حصول کیلئے نجی شراکت داری ناگزیر ہے، سی پیک اتھارٹی کے قیام کیلئے بل لا رہے ہیں، دوسرے مرحلے میں صنعت و زراعت کے شعبوں میں تعاون شامل ہے۔