لاہور: (دنیا نیوز) مسلم لیگ ن کے صدر میاں محمد شہباز شریف کا کہنا ہے کہ ملک بھر کے تاجروں اور غریب عوام کے ساتھ ہیں۔ ملک پر مسلط مینڈیٹ چور حکمرانوں نے قوم کو آئی ایم ایف کو بیچ دیا۔
تاجروں کی ملک گیر ہڑتال پر رد عمل دیتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ کہا ہے کہ عمران نیازی کا پاکستان کو لاک ڈاؤن کرنے کا دیرینہ خواب آخر پورا ہوگیا، حکمرانوں کی سوچ مار دیں گے، گرا دیں گے، بند کر دیںگے سے آگے نہیں جاتی۔
سابق وزیراعلیٰ پنجاب کا مزید کہنا تھا کہ بے گناہ اور مظلوم سیاسی قیدی نواز شریف کے ساتھ ظلم کا نتیجہ قوم بھگت رہی ہے، نواز شریف نے قوم کو مہنگائی، لوڈ شیڈنگ، بدامنی سے نجات دلائی، سابق وزیراعظم نے ملک کو بجلی، سڑک، روزگار، وقار اور امن و امان دیا۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ (ن) کے دور میں پاکستان 5.8 فیصد شرح سے ترقی کر رہا تھا، دشمنوں کو تکلیف ہوئی کہ نوازشریف پاکستان کو ترقی کیوں دے رہا ہے؟ مخالفوں کو تکلیف ہوئی کہ 47 سال میں مہنگائی کی شرح 3 فیصد پر کیسے آگئی؟ مخالفوں کو تکلیف ہوئی کہ پاکستان کے ریونیو میں اضافہ کیسے ہو گیا؟
ان کا کہنا تھا کہ مخالفوں کو تکلیف ہوئی کہ پاکستان نے آئی ایم ایف سے کیسے جان چھڑا لی؟ مخالفوں کو تکلیف ہوئی کہ چین نے پاکستان میں 60 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کیوں کی؟ بے گُناہ نوازشریف کے ساتھ روا ظلم ختم کرنا ہوگا، پاکستان اور اس کے عوام کے مفادات کا تحفظ میرے بڑے بھائی ہی کر سکتے ہیں، قوم کے صبر کا مزید امتحان نہ لیا جائے۔ نواز شریف کو فوراً رہا کیا جائے۔