کراچی: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر داخلہ اعجاز احمد شاہ نے عہدہ سنبھالنے کے بعد پاکستان رینجرز سندھ کے ہیڈ کوارٹرز کا دورہ کیا اور ڈی جی رینجرز میجر جنرل عمر احمد بخاری سے ملاقات کی۔
ترجمان رینجرز کے مطابق وفاقی وزیر داخلہ اعجاز احمد شاہ نے رینجرز ہیڈزکوارٹرزمیں یادگارِ شہدا پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور دُعا کی۔ اس موقع پر وفاقی وزیر داخلہ کو پاکستان رینجرز سندھ کی آپریشنل تیاریوں، مشرقی سرحد، سندھ بھر اور بالخصوص کراچی میں امن وامان کی صورت حال کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
وفاقی وزیر داخلہ نے صوبے بھر میں دہشتگردی اور دیگر جرائم کے تدارک کے لیے اقدامات اور امن وامان کے قیام کے لیے رینجرز کے کردار کو سراہا اور اس عزم کا اعادہ کیا کہ صوبہ سندھ کے امن کو ہر صورت یقینی بنانے کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں گے۔