کراچی: (دنیا نیوز) کراچی میں الاؤنسز میں اضافے اور دیگر مطالبات کیلئے نرسوں کا احتجاج جاری ہے، وزیراعلیٰ ہاؤس جانے کی کوشش پر پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے کئی مظاہرین کو حراست میں لے لیا۔ لاٹھی چارج اور واٹر کینن کے استعمال سے مظاہرین کو منتشر کرنے کی کوشش بھی کی گئی تاہم نرسز ڈٹی رہیں اور شدید نعرے بازی کرتی رہیں.
احتجاجی نرسز کی ریڈ زون کی جانب پیش قدمی جاری ہے، رینجرز کی نفری بھی پریس کلب کے قریب پہنچ گئی۔ اس موقع پر لیڈی پولیس اہلکار بھی موجود ہیں، واٹر کینن بھی پریس کلب کے باہر پہنچا دی گئی۔ کراچی پریس کلب کے اطراف پولیس کی بھاری نفری تعینات ہے۔
وزیراعلی ہاوس کی جانب مارچ پر پولیس نے مظاہرین پر لاٹھی چارج شروع کر دیا، نرسز اہلکاروں سے ہاتھا پائی کرتی نظر آئیں جس کے بعد واٹر کینن کا استعمال کر کے مظاہرین کو دھو دیا گیا۔ اس دوران کئی مظاہرین گرفتار کر لئے گئے تاہم نرسز کی پیش قدمی جاری رہی۔ بعد ازاں پولیس نے وزیراعلی ہاوس کے قریب پی آئی ڈی سی چوک پر رکاوٹیں کھڑی کیں جس سے مظاہرین ایک مرتبہ پھر رکنے پر مجبور ہو گئے تاہم نرسز مطالبات کے حق میں پوری شدت سے نعرے بازی کرتی رہیں۔