کراچی: (دنیا نیوز) ن لیگی رہنما مفتاح اسماعیل گرفتاری سے بچ گئے، سابق وفاقی وزیر خزانہ کے سندھ ہائی کورٹ سے رجوع کرنے پر عدالت نے 7 روز کیلئے حفاظتی ضمانت منظور کر لی۔
کراچی میں سابق وزیرخزانہ مفتاح اسماعیل کے گھر پر گزشتہ روز نیب ٹیم نے چھاپہ مارا تو ن لیگی رہنما صبح سویرے سندھ ہائی کورٹ پہنچ گئے اور حفاظتی ضمانت کی درخوست دائر کر دی۔ عدالت نے مفتاح اسماعیل اور پی ایس او کے سابق ایم ڈی عمران الحق کی 7 دن کیلئے حفاظتی ضمانت منظور کرتے ہوئے 5 لاکھ کے مچلکے جمع کرانے کا حکم دے دیا۔
نیب حکام نے کہا ملزمان نے اینگرو کمپنی کو گیس ٹرمینل میں مدد فراہم کی، اربوں کی کرپشن اور کک بیکس لیں۔ دوران سماعت سندھ ہائی کورٹ میں نیب افسران کی بڑی تعداد کورٹ روم کے اندر اور باہر موجود رہی، حفاظتی ضمانت کی منظوری کے بعد نیب والے بھی چلے گئے۔
مفتاح اسماعیل نے نیب کارروائیوں کو بدنیتی پر مبنی قرار دیتے ہوئے کہا کہ کل صبح 10 بجے کا نوٹس دوپہر 3 بجے ملا، شاہد خاقان جیسا مخلص انسان اس ملک کو پھر کبھی نہیں ملے گا، وہ شریف اور ایماندار شخص ہے، میرے گھر پر چھاپوں کی ضرورت نہیں تھی، مجھے جب بھی بلایا گیا میں نیب میں پیش ہوا۔