لاہور: (دنیا نیوز) شیخ رشید نے کہا ہے کہ جھاڑو پھرتے پھرتے آخری کونے تک آگیا، ابھی تو کھیل شروع ہوا، آگے آگے دیکھیں ہوتا ہے کیا، فضل الرحمان وزیراعظم کا استعفیٰ لیتے لیتے چیئرمین سینیٹ تک پہنچ گئے۔
وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ملک میں تمام چوروں کو ٹکٹکی لگے گی، وزیراعظم سے کہا جس جس نے قوم کا پیسہ کھایا ہے وصول کیا جائے، ابھی تو کھیل شروع ہوا ہے، آپ چیخیں مار رہے ہیں، قوم کو پہلے بھی کہا جو جتنا چیخ رہا ہے وہ ٹکٹکی کے قریب ہے، وزیراعظم سے کہا جس جس نے قوم کا پیسہ کھایا ہے وصول کیا جائے، بعض لوگوں کے وکٹ کے دونوں طرف تعلقات ہوتے ہیں۔
شیخ رشید کا کہنا تھا دنیا کے بڑے ادارے ریلوے ورکشاپوں پر سرمایہ کاری کرنا چاہتے ہیں، ٹرینوں کی تاخیر کا نوٹس لیا ہے، جلد 5 نئی ٹرینیں چلانے جا رہے ہیں، ریلوے کی مال گاڑیوں سے مقررہ اہداف سے زائد آمدن ہوئی، ریلوے نظام کی بہتری کیلئے کنٹریکٹ پر بھرتیاں کی جائیں گی، ملازمین کی مستقلی کیلئے ہدایات جاری کر دیں، 6 ماہ بعد ریلوے ملازمین کی تنخواہوں میں 10 فیصد اضافہ کیا جائے گا۔
وفاقی وزیر ریلوے نے مزید کہا کہ ڈالر اور تیل کی قیمتیں بڑھنے سے مشکلات ہوئیں، ہم نے 5 بلین کا خسارہ کم کیا ہے، ریلوے کی زمینوں پر قائم تجاوزات کا مکمل خاتمہ کیا جائے گا۔