اسلام آباد: (دنیا نیوز) چیرمین سینٹ صادق سنجرانی نے اپوزیشن کی ریکوزیشن پر 23 جولائی کو سہ پہر 3 بجے اجلاس طلب کرلیا۔ اجلاس میں چیئرمین سینٹ کے خلاف عدم اعتماد کی قرارداد پر بحث کی جائے گی۔
یاد رہے گزشتہ روز اپوزیشن نے چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی کے اعتراضات مسترد کرتے ہوئے اجلاس بلا کر ووٹنگ کرانے کا مطالبہ کر دیا۔ میر حاصل بزنجو نے سینیٹ میں اپوزیشن کے ارکان کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا اپوزیشن نے خط سیکریٹری ایوان بالا کو بھیج دیا۔
میر حاصل بزنجو کا کہنا تھا ہمیں قرارداد کے بارے میں ابھی تک نہیں بتایا گیا، جب ہم نے تحریک پیش کی تو 4 دن تک جواب نہیں دیا گیا، 60 سے زائد ارکان کی حمایت کا یقین ہے، فوری طور پر سینیٹ اجلاس بلایا جائے، شاہد خاقان کی گرفتاری سے دباؤ ڈالا جا رہا ہے، دباؤ ڈالنے کیلئے مزید گرفتاریاں ہوں گی، گرفتاریوں کی مذمت کرتے ہیں۔