اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ مشکل حالات میں حکومت سنبھالی، معاشی استحکام اور ملکی مفاد میں مشکل فیصلے کیے۔
وزیراعظم سے معاون خصوصی اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے ملاقات کی ہے جس میں انہوں نے حکومتی ایجنڈے کو اجاگر کرنے کیلئے اقدامات سے آگاہ کیا۔ اس موقع پر عمران خان کا کہنا تھا 10 ماہ میں اقتصادی و انتظامی شعبوں میں اصلاحات متعارف کرائیں، ماضی میں اصلاحات سے متعلق نظیر نہیں ملتی، احساس پروگرام، پناہ گاہوں کی تعمیر، ہاؤسنگ منصوبہ فلاحی اقدامات ہیں، فلاحی منصوبے عوام سے کیے گئے وعدے کی جانب عملی پیشرفت ہے۔
عمران خان نے کہا کہ وزارت اطلاعات کا حکومتی پالیسیوں سے آگاہ کرنے میں کلیدی کردار ہے، وزارت اطلاعات عوام تک صحیح معلومات پہنچانے کیلئے کردار ادا کرے، وزارت اطلاعات منفی پراپیگنڈا بے نقاب کرنے میں بھی اپنا کردار ادا کرے، اداروں میں سزا و جزا حکومتی اصلاحاتی ایجنڈے کا اہم جزو ہے، عوام تک معلومات پہنچانے کیلئےوزارت اطلاعات کو متحرک بنایا جائے۔