واشنگٹن: (دنیا نیوز) وزیراعظم امریکا پہنچ گئے، کل امریکی صدر سے بیٹھک ہو گی۔ آئی ایم ایف کے وفد سےآج ملاقات شیڈول ہے، واشنگٹن پہنچنے پر عمران خان امریکی تاجروں٘ سے ملے، وزیراعظم آج پاکستانی کمیونٹی سے خطاب کرینگے۔
پاک امریکا تعلقات کے نئے دور کا آغاز، وزیراعظم کا واشنگٹن میں پاکستان ہاؤس پہنچنے پر شاندار استقبال کیا گیا۔ عمران خان کے استقبال کیلئے واشنگٹن کی سڑکوں پر لوگوں کی بڑی تعداد موجود تھی جنہوں نے قومی اور پارٹی پرچم اٹھائے ہوئے تھے، ڈھول بجا کر انہیں خوش آمدید کہا گیا۔
وزیراعظم عمران خان سے واشنگٹن میں ڈیموکریٹ پارٹی کے بااثر رکن اور معروف تاجر جاوید انور کی قیادت میں امریکی کاروباری افراد نے ملاقات کی، اس موقع پر وزیراعظم نے امریکی سرمایہ کاروں کو پاکستان میں سرمایہ کاری کی بھی پیش کش کی۔ سرمایہ کاروں نے پاکستان میں سیکیورٹی صورتحال میں بہتری کی تعریف کی۔
وزیراعظم عمران خان اور آرمی چیف کی امریکی صدر سے کل ملاقات بھی شیڈول ہے، عمران خان کی وائٹ ہاؤس آمد پر ڈونلڈ ٹرمپ ان کا استقبال کریں گے۔ اس موقع پر تحائف کے تبادلے کے بعد دونوں رہنماؤں کے درمیان دوطرفہ تعلقات سمیت اہم معاملات پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔
وزیراعظم کے آج واشنگٹن میں ہونیوالے پاکستانی کمیونٹی سے خطاب کے انتظامات مکمل ہیں، پی ٹی آئی رہنماؤں اور پاکستانی کیمونٹی نے عمران خان کے دورہ امریکا پر خوشی کا اظہار کیا ہے۔
وزیراعظم کی آج آئی ایم ایف کے وفد سے بھی ملاقات طے ہے۔ عالمی بینک کے صدر اور کاروباری شخصیات سے بھی ان کی ملاقات ہو گی۔ عمران خان یو ایس پاکستانی بزنس کونسل سے ملاقات کریں گے۔ وزیراعظم عمران خان کی 23 جولائی کو امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو سے ملاقات ہو گی۔ وہ امریکی تھنک ٹینک انسٹی ٹیوٹ آف پیس اور کیپیٹل ہل میں پاکستانی کاکس سے خطاب بھی کریں گے، پھر امریکی صحافیوں سے بات چیف ہو گی۔
وزیراعظم عمران خان امریکی ایوان نمائندگان کی سپیکر نینسی پلوسی سے ملاقات کا شیڈول بھی طے ہے جس کے ساتھ ان کا دورہ امریکا مکمل ہو جائے گا۔