واشنگٹن: (ویب ڈیسک) امریکی ایوان نمائندگان نے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے مواخذے کی قرارداد کو مسترد کر دیا۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق ایوان نمائندگان میں ڈیموکریٹس کی اکثریت کے باوجود 332 ارکان میں سے 95 ارکان نے قرارداد کی حق میں ووٹ دیا۔ ایوان کی سپیکر نینسی پلوسی اور دیگر ڈیموکریٹس کی مخالفت کے باوجود ٹیکساس سے تعلق رکھنے والے رکن کانگریس الگرین نے یہ قرارداد پیش کی۔
ذرائع کے مطابق ڈیموکریٹس 2016ء کی انتخابی مہم میں ٹرمپ کے روس سے مبینہ مراسم، صدر کی ٹیکس ادائیگی اور دیگر مالی لین دین کے معاملے کی چھان بین کا بھی مطالبہ کررہے ہیں۔ نینسی پلوسی کا کہنا تھا کہ ہم حقائق معلوم کریں گے۔
اس سے قبل بھی الگرین دسمبر 2017ء اور اس کے ایک ماہ بعد صدر کے خلاف مواخذے کی کارروائی کی قرارداد پیش کر چکے ہیں۔ اس وقت ایوان نمائندگان پر ریپبلیکن پارٹی کا کنٹرول تھا اور دونوں مرتبہ قرارداد مسترد ہوئی تھی تاہم جنوری میں جب سے ایوان پر ڈیموکریٹس کی اکثریت ہے، الگرین نے پہلی بار قرارداد ووٹنگ کے لیے پیش کی ہے۔ سپیکر پلوسی جاری چھان بین کے حق میں ہیں۔