واشنگٹن: (دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان سے واشنگٹن میں آئی ایم ایف کے ڈائریکٹر نے ملاقات کی جس میں معاشی اصلاحاتی پروگرام پر عمل درآمد کا جائزہ لیا گیا۔
وزیراعظم عمران خان کے دورہ امریکا کے دوران اہم ملاقاتیں جاری ہیں۔ عمران خان سے آئی ایم ایف کے ڈائریکٹر ڈیوڈ لپٹن نے ملاقات کی، آئی ایم ایف کے مطابق اصلاحاتی پروگرام کی بدولت معیشت مستحکم اور ادارے مضبوط ہونگے، پروگرام مستحکم معاشی ترقی کے لئے مدد گار ثابت ہوگا، عالمی مالیاتی ادارے کے ڈائریکٹر نے کہا محصولات میں اضافے کے لئے کام کیا جائے۔
وزیراعظم عمران خان سے معروف آئی ٹی کمپنی کے وفد نے بھی ملاقات کی، وفد میں عمران الحق خان، حشمت ملک، حسن احمد اور دیگر اراکین بھی شامل تھے۔ ملاقات کے دوران تعلیمی اداروں میں تحقیق و ترقی کے فروغ، آئی ٹی کے معیاری اداروں کے قیام اور آئی ٹی ٹیکنیشنز کی تربیت پر بات چیت ہوئی۔
اس موقع پر وزیراعظم نے کہا انفارمیشن ٹیکنالوجی کا شعبہ حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے، آئی ٹی کے شعبے میں نوجوانوں کے لئے روزگار کے بے پناہ مواقع ہیں۔ عمران خان نے کہا پاکستان میں مضبوط آئی ٹی سیکٹر کے قیام کیلئے ہر ممکن تعاون کریں گے۔