لاہور: (روزنامہ دنیا) سعودی عرب میں ایک عدالت نے پاکستانی قیدی کے ذمے واجب الادا 13لاکھ ریال دیت کی رقم بیت المال سے ادا کیے جانے کے بعد اس کی رہائی کا حکم دیدیا۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق زہیر خان سعودی عرب میں ٹرک چلا رہا تھا کہ 2012 میں مکہ مکرمہ سے طائف جاتے ہوئے ہائی وے پر اس کے ٹرک سے ایک کار ٹکرا گئی جس کے نتیجے میں 4 سعودی شہری ہلاک ہوگئے تھے۔
سعودی عرب کی عدالت کے ماتحت ادارے نے زہیر خان کی مالی حالت کا جائزہ لینے کے بعد فیصلہ کیا کہ وہ تنگ دست ہے اور کسی طور دیت کی رقم ادا نہیں کر سکتا۔ متعلقہ ادارے کی سفارش پر سعودی عدالت نے دیت کی رقم بیت المال سے ادا کرنے کا حکم جاری کیا۔