نیب کو حکومت بچانے کیلئے استعمال کیا جا رہا ہے، احسن اقبال کا الزام

Last Updated On 22 July,2019 06:39 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) مسلم لیگ (ن) کے رہنما احسن اقبال نے الزام عائد کیا ہے کہ قومی احتساب بیورو (نیب) کو تحریک انصاف کی حکومت بچانے کے لیے استعمال کیا جا رہا ہے۔

اسلام آباد میں دیگر لیگی رہنماؤں مریم اورنگزیب اور مصدق ملک کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ جمہوریت کے لبادے میں بدترین آمریت مسلط کر دی گئی ہے۔ اپوزیشن کی کردار کشی کی جا رہی ہے اور لیڈروں کو حراست میں لیا جا رہا ہے۔ اب ہم آئین کی حکمرانی پر کسی قسم کا سجھوتہ نہیں کر سکتے۔

احسن اقبال کا کہنا تھا کہ ’سلیکٹڈ‘ وزیراعظم کے پاس کوئی سوچ ہے اور نہ ہی تجربہ، ہر جگہ الزام تراشی کرکے ملک کی بدنامی کراتے ہیں، انہوں نے واشنگٹن میں بھی ڈی چوک والی تقریر کی۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم نے 72 سال ملک کے عوام کے فیصلوں کو روندا ہے، ہم اگلے 72 سال ضائع نہیں ہونے دیں گے۔ اب فیصلہ کن جدوجہد کا وقت آ گیا ہے، یہ جنگ ہماری نہیں آنے والی نسلوں کی ہے۔

انہوں نے دعویٰ کیا کہ ایل این جی پلانٹ سے گیس کی کمی پر قابو پایا گیا۔ شاہد خاقان عباسی کا گناہ دنیا کا سستا ترین ایل این جی پلانٹ لگانا ہے، وہ یہ کام نہ کرتے تو معیشت کو اربوں ڈالر کا نقصان پہنچتا، سابق وزیراعظم نے معیشت کو نقصان سے بچایا۔

ن لیگی رہنما کا کہنا تھا کہ قطر کیساتھ تعلقات کو خراب کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ قطر نے بہترین نرخوں پر پاکستان کو مشکل وقت میں ایل این جی دی۔ حکمران دوست ملکوں کو بھی اپنی سیاست کی بھینٹ چڑھا دیتے ہیں۔