لاہور: (دنیا نیوز) پاکستان پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما قمر زمان کائرہ نے کہا ہے کہ حکومت کے فسطائی رویوں کیخلاف 25 جولائی کو بھرپوراحتجاج کریں گے۔
لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے قمر زمان کائرہ کا کہنا تھا کہ لگتا ہے وزیراعظم پاکستان نہیں، کوئی جیل سپرٹینڈنٹ امریکا کے دورے پر گیا ہے، وزیراعظم نے امریکا میں بھی اپنی رٹ نہیں چھوڑی۔، انہوں نے وہاں بھی اپنے مخالفین کو دھمکیاں دیں۔
قمر زمان کائرہ کا کہنا تھا کہ قوم کو توقع تھی وزیراعظم امریکا میں پاکستان کا مقدمہ لڑیں گے لیکن پاکستان کی قربانیوں کے بجائے اندرونی سیاست کا ذکر کیا گیا۔
ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم فرماتے تھے کہ دھرنا دیں، کنٹینر بھی دیں گے لیکن صورتحال یہ ہے کہ اپوزیشن کو جلسوں کی اجازت نہیں ہے، فیصل آباد ریلی کو بلیک آؤٹ کرنا لمحہ فکریہ ہے۔ قمر زمان کائرہ نے کہا کہ ہماری سیاسی، معاشی اور آئینی آزادیاں چھینی جا رہی ہیں۔ 25 جولائی کو یوم سیاہ میں پیپلز پارٹی بھرپور شرکت کرے گی۔