عافیہ صدیقی کے بدلے شکیل آفریدی کو رہا کیا جاسکتا ہے: وزیراعظم

Last Updated On 23 July,2019 06:23 pm

واشنگٹن: (دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ عافیہ صدیقی کے بدلے شکیل آفریدی کو رہا کیا جاسکتا ہے، معاملے پر امریکا سے بات کرنے کے لیے تیار ہیں، بھارت کے ساتھ اچھے تعلقات کے خواہشمند ہیں۔

وزیراعظم عمران خان نے امریکی چینل فوکس نیوز کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا صدر ٹرمپ کے ساتھ ملاقات کر کے خوشی ہوئی، وہ صاف گو انسان لگے جو لفظوں کی ہیرا پھیری نہیں کرتے۔ انہوں نے کہا شکیل آفریدی کا درجہ پاکستان میں جاسوس کا ہے، عافیہ صدیقی کے بدلے شکیل آفریدی کی رہائی کی بات ہو سکتی ہے، امریکی اتحادی ہونے کی وجہ سے اسامہ بن لادن کی گرفتاری میں پاکستان کو اعتماد میں لیا جانا چاہیے تھا۔

عمران خان نے کہا کہ افغانستان کے عوام چار دہائیوں سے خانہ جنگی سے متاثر ہیں، افغانستان کو امن کی ضرورت ہے، امریکا کو طالبان سے کوئی خطرہ نہیں ہونا چاہیے، طالبان کو سیاست کا حصہ بننا چاہئے تب آپ ایسی حکومت تشکیل دے سکتے ہیں جو افغانستان کی عوام کی نمائندگی کرے۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ایران کے مسئلے پر مصالحت کے حق میں ہیں، مصالحت کے لئے اپنا کردار ادا کرنے کو تیار ہیں، بھارت کے ساتھ اچھے تعلقات کے خواہش مند ہیں، مسئلہ کشمیر کا حل چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا نیوکلیر آپشن نہیں ہے، ایک ارب سے زائد لوگ خطے میں رہتے ہیں، کسی بھی جنگ سے یہ تمام لوگ متاثر ہوں گے۔

 

Advertisement