اسلام آباد: (روزنامہ دنیا) فریضہ حج کی ادائیگی کیلئے 97 ہزار سے زائد عازمین حجاز مقدس پہنچ گئے
وزارت مذہبی امورکے مطابق سرکاری سکیم کے تحت 69 ہزار جبکہ پرائیویٹ سکیم کے تحت 28 ہزار سے زائد عازمین پی آئی اے، سعودی ایئر لائن اور ایئر بلیو کی مختلف پروازوں کے ذریعے حجاز مقدس پہنچے ہیں۔
جبکہ سعودی عرب میں 8 پاکستانی عازمین حج انتقال کر چکے ہیں جن میں سرکاری سکیم کے تحت 6 اورنجی سکیم کے تحت 2 عازمین حج شامل ہیں، وزارت سے 154 افسران اور دیگر عملہ سعودی عرب میں فرائض سرانجام دے رہا ہے، حج میڈیکل مشن کے تحت 389 ڈاکٹرز، نرسیں اور پیرا میڈیکل سٹاف دن رات کام کررہا ہے جبکہ 350 پاکستانی معاونین اور 750 مقامی خدام بھی تعینات کئے جا چکے ہیں۔
حرم گائیڈز نے 20 ہزار سے زائد عازمین کو رہنمائی فراہم کی، 3600 سے زائد بیگز تلاش کرکے عازمین تک پہنچائے گئے ، کال سینٹر پر رہنمائی کیلئے 194 جبکہ 150 شکایات موصول ہوئیں، اب تک حج میڈیکل مشن نے 11 ہزار سے زائد مریضوں کو طبی سہولیات فراہم کیں، 64 مریضوں کو سعودی ہسپتالوں میں منتقل کیا گیا ہے۔