لاہور: (دنیا نیوز) شہبازشریف کہتے ہیں عمران نیازی نے امریکہ میں اتحاد کا پیغام دینے کا نادر موقع ضائع کردیا، نوازشریف سے ٹی وی اور اے سی چھیننے کی بات کر کے کم ظرفی کا مظاہرہ کیا۔
شہباز شریف نے وزیراعظم کے دورہ امریکا پر ردعمل میں کہا ہے کہ بسوں پر سفر کی شعبدہ بازی کی بجائے عوامی معاملات پر ٹھوس پیشرفت کی جاتی۔ عمران نیازی نے پھر یوٹرن لے کر اپنے ہی بیانات اوردعووں کا جنازہ نکال دیا، ڈاکٹر عافیہ صدیقی کو پاکستان لانے کے دعویدار نے صحافی کو سوال کرنے سے ہی روک دیا۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ وزیراعظم نے مسئلہ کشمیر کو سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق حل کرنے کی بات نہیں کی، کیا حکومت نے کشمیر پر پاکستان کی پالیسی تبدیل کر دی ہے۔ عمران نیازی قوم کوبتائیں کہ انہوں نے امریکہ کے لئے ”ڈومور“ کی کیا پیشکش کی ہے۔ عمران نیازی نوازشریف کے خوف میں جیتے ہیں، دورہ امریکہ سے ثابت ہوا کہ عمران نیازی محض ایک سلیکٹڈ وزیراعظم ہیں۔