لاہور: (سلمان طارق) 25 جولائی کو چیئرنگ کراس پر متحدہ اپوزیشن جماعتوں کے احتجاجی جلسہ کے لئے مسلم لیگ ن نے ارکان قومی و صوبائی اسمبلی اور ٹکٹ ہولڈرز سے چندہ اکٹھا کرنا شروع کر دیا۔
مسلم لیگ ن متحدہ اپوزیشن جماعتوں کے احتجاجی جلسہ کی میزبانی کر رہی ہے۔ ذرائع کے مطابق مسلم لیگ ن نے 2 کروڑ روپے احتجاجی جلسہ کے لیے بجٹ رکھا ہے۔ صدرمسلم لیگ ن شہبازشریف 25 جولائی کے احتجاجی جلسہ کے انتظامات کی خود نگرانی کر رہے ہیں۔
ذرائع نے کہا کہ شہر کے لیگی ارکان قومی اسمبلی سے 3 لاکھ روپے جبکہ ممبر صوبائی اسمبلی سے ڈیڑھ لاکھ روپے وصول کئے جا رہے ہیں۔ ملک ریاض، روحیل اصغر، وحید عالم خان، سردار ایاز صادق، رانا مبشر اقبال، ملک افضل کھوکھر نے تین تین لاکھ روپے پارٹی کو جمع کروا دئیے ہیں۔ میاں مجتبیٰ شجاع الرحمن، غزالی سلیم بٹ، کرنل (ر) طارق سمیع اللہ خان، چودھری یاسین سوہل، میاں مرغوب احمد ،سیف الملوک کھوکھر اور میاں عمران جاوید نے ڈیڑھ ڈیڑھ لاکھ روپے جمع کروا دئیے ہیں۔
ذرائع کے مطابق ایم پی اے رمضان صدیق بھٹی اور رانا احسن شرافت لیگی ارکان قومی و صوبائی اسمبلی اور ٹکٹ ہولڈرز سے پیسے اکٹھے کر رہے ہیں۔ ملک غلام حبیب اعوان اور اختر حسین بادشاہ نے پارٹی کو فنڈ دینے سے انکار کر دیا جس پر ذرائع نے کہا کہ شہباز شریف کے سخت پیغام کے بعد اختر حسین بادشاہ اور ملک غلام حبیب اعوان نے پارٹی فنڈ دینے کی حامی بھر لی۔ سہیل شوکت بٹ نے بھی پارٹی فنڈ جمع نہیں کروایا۔ ساٹھ ہزار جھنڈے جبکہ متوالوں کو ٹرانسپورٹ کی سہولت بھی مسلم لیگ ن فراہم کرے گی۔ ایم پی اے غزالی سلیم بٹ کو جلوس کے شرکا کو پانی کی فراہمی کی ذمہ داری بھی دی گئی۔