اسلام آباد: (دنیا نیوز) بھارتی فوج نے ایل او سی پر ایک بار پھر بلا اشتعال فائرنگ اور گولہ باری کی ہے، فائرنگ اور گولہ باری سے 26 سالہ نعمان احمد شہید جبکہ بچوں اور عورتوں سمیت 9 شہری زخمی ہوئے ہیں۔ پاک فوج کی جوابی کارروائی میں دشمن کو بھاری نقصان اٹھانا پڑا، تین بھارتی فوجیوں کے مارے جانے کی اطلاعات ہیں۔
آئی ایس پی آر کے مطابق بھارت نے ایک مرتبہ پھر ایل او سی میں ڈنہ، دھدنیال، جورا، لیپا، شردا اور شاہ کوٹ سیکٹرز کو نشانہ بنایا۔ بھارت کی جانب سے ہونے والی فائرنگ کے نتیجے میں 26 سالہ شہری نعمان احمد شہید ہو گیا ہے، کارروائی کے دوران بچوں، عورتوں سمیت 9 شہری زخمی ہوئے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: سیز فائر کی خلاف ورزی پر بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر کی دفتر خارجہ طلبی
آئی ایس پی آر کے مطابق بھارتی فائرنگ سے زخمی ہونے والوں کو طبی امداد کے لیے فوری طور پر ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ بھارتی فوج نے بھاری توپ خانے کے ساتھ شہری آبادی کو نشانہ بنایا،پاک فوج نے گولہ باری کرنے والی چیک پوسٹوں پر جوابی کارروائی کی ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق پاک فوج کی جانب سے کارروائی کے دوران تین بھارتی فوجیوں کے مارے جانے کی اطلاعات ہیں جبکہ اس کارروائی میں متعدد بھارتی فوجیوں کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔ اس کارروائی کے دوران بھارتی چوکیوں کی تباہی کی بھی اطلاعات ہیں۔