اسلام آباد: (دنیا نیوز) چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے اپنے عہدے سے استعفیٰ نہ دینے کا فیصلہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ میں اپوزیشن کی تحریک عدم اعتماد کا سامنا کرنا چاہتا ہوں۔
دنیا نیوز ذرائع کے مطابق چیئرمین سینیٹ بھی اپنے عہدے سے استعفیٰ نہ دینے کے فیصلے پر ڈٹ گئے ہیں۔ انہوں نے کہا ہے کہ کہا جاتا ہے کہ سپیکر اور چیئرمین سینیٹ غیر جانبدار ہوتے ہیں، دیکھنا چاہتا ہوں کہ ممبران کسٹوڈین آف دی ہاؤس کے لیے آزاد فیصلہ کرتے ہیں یا نہیں؟
ذرائع کے مطابق صادق سنجرانی کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ چیئرمین سینیٹ اور سپیکر کے لیے خفیہ رائے شماری کا آپشن اسی لیے ہے کہ ممبران آزاد فیصلہ کریں۔
ان کا کہنا تھا کہ جن بڑے دماغوں نے آئین بنایا، انہوں نے 20، 20 دن کی سوچ بچار کے بعد خفیہ رائے شماری کا آپشن رکھا۔ میں نے ہاأس کو غیر جانبداری سے چلایا، دیکھنا چاہتا ہوں کہ ارکان اپنے ضمیر کے مطابق آزادی سے فیصلہ کر سکتے ہیں؟