اپوزیشن جماعتوں کا عشائیہ،ارکان سینیٹ کو وفاداریاں تبدیل نہ کرنیکی تلقین

Last Updated On 31 July,2019 01:26 am

اسلام آباد: (دنیا نیوز) ذرائع کے مطابق اپوزیشن سربراہوں نے عشائیہ سے خطاب میں اراکین سینیٹ کو تلقین کی کہ آپ کو ڈرایا اور دھمکایا جائیگا لیکن وفاداریاں تبدیل نہیں کرنیں۔

عشائیے سے خطاب میں پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ پارلیمان کا وقار قومی اسمبلی میں نظر نہیں آتا، سینیٹ میں پارلیمان کا وقار بحال کریں گے اور حاصل بزنجو کو چیئرمین سینیٹ منتخب کروائیں گے۔

بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ مجھے پتا ہے، دباؤ ہوتا ہے لیکن آپ سب جمہوریت کے ساتھ کھڑے ہیں۔ سینیٹ میں ہم حکومت کا مقابلہ کریں گے، قانون سازی بھی کریں گے اور قانون سازی کرکے قومی اسمبلی والوں کو احساس بھی دلوائیں گے۔

ذرائع کے مطابق پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر میاں شہباز شریف کا اپنے خطاب میں کہنا تھا کہ چیئرمین سینیٹ کو ہٹانے سے متعلق اپوزیشن اکابرین کے فیصلے کو سراہتا ہوں۔ حاصل بزنجو کو چیئرمین نامزد کرکے ایک بار پھر چھوٹے صوبے کو موقع دیا جا رہا ہے۔ حاصل بزنجو سے متعلق فیصلہ سے صوبے کے درمیاں ہم آہنگی بڑھے گی۔

دنیا نیوز ذرائع کے مطابق مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ سینیٹ میں اپوزیشن کی بھاری اکثریت ہے۔ اپوزیشن جماعتوں کی قیادت نے اپنے ارکان پر اعتماد کرکے چیئرمین کو تبدیل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ یہ ارکان کا جمہوری حق ہے کہ وہ کس کو چیئرمین نامزد کرنا چاہتے ہیں۔

مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ تمام ارکان سے توقع ہے کہ اعتماد پر پورا اتریں گے۔ وفاداری اور اعتماد ہمارے ایمان کا حصہ ہے، تمام ارکان پر اعتماد کرکے چیئرمین سینیٹ کو ہٹانے کا بڑا فیصلہ کیا ہے۔