متحدہ اپوزیشن کا اجلاس، چیئرمین سینیٹ کو ہٹانے کے طریقہ کار پر مشاورت

Last Updated On 30 July,2019 05:10 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) متحدہ اپوزیشن کے اہم اجلاس میں چیئرمین سینیٹ کو ہٹانے اور ووٹنگ کے طریقہ کار پر مشاورت کی گئی۔

اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو میں سینیٹر مولا بخش چانڈیو نے بتایا کہ اس اہم اجلاس میں 52 ارکان نے شرکت کی۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ ہماری جماعت پیپلز پارٹی متحد ہے، ہمارا کوئی رکن فروخت نہیں ہوگا۔ اپوزیشن کے تمام سینیٹر حاصل بجونجو کو ہی ووٹ دیں گے۔

دوسری جانب سینیٹ میں قائد ایوان شبلی فراز کا کہنا ہے کہ اپوزیشن جماعتوں کا ایک دن میں دو، دو اجلاس کرنا سمجھ سے باہر ہے، ہم پرامید اور پراعتماد ہیں کہ جیت ہماری ہوگی۔ انہوں نے بعض اپوزیشن سینیٹر کی حمایت حاصل کرنے کا دعویٰ کیا۔

سینیٹر شبلی فراز کا کہنا تھا کہ اپوزیشن جماعتوں کے قائدین سے ملاقات کا مقصد یہ باور کرانا تھا کہ چیئرمین سینیٹ کو ہٹانا درست نہیں، کل کوئی اور اٹھ کر عدم اعتماد کر دے گا، ہم سب سیاسی لوگ ہیں، ہمیں مل بیٹھ کر اداروں کے بارے میں سوچنا چاہیے۔