سینیٹ اجلاس: اپوزیشن کا تحریک عدم اعتماد کی قرارداد پر بحث سے انکار

Last Updated On 23 July,2019 05:18 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے قائد حزب اختلاف راجا ظفر الحق کی تجویز پر سینیٹ اجلاس غیر معینہ مدت کے لیے ملتوی کر دیا۔

اپوزیشن کی ریکوزیشن پر سینیٹ اجلاس شروع ہوا تو قائد حزب اختلاف راجا ظفر الحق نے کہا کہ اپوزیشن سینیٹ رولز 218 کے تحت قرارداد پر بحث میں حصہ نہیں لینا چاہتی لہذا آج کا اجلاس بغیر کارروائی ملتوی کیا جائے۔

ان کا کہنا تھا کہ اپوزیشن چاہتی ہے کہ صدر مملکت کے بلائے گئے اجلاس میں تحریک عدم اعتماد کی قرارداد لائی جائے۔ چیئرمین سینیٹ نے اپوزیشن لیڈر کا موقف سننے کے بعد سینیٹ اجلاس غیر معینہ مدت کیلئے ملتوی کر دیا۔

چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے رولنگ میں کہا کہ چیئرمین یا ڈپٹی چیئرمین کو ہٹانے کیلئے نوٹس صرف جاری اجلاس میں دیا جا سکتا ہے۔ چیئرمین سینیٹ کو ہٹانے کی قرارداد کا نوٹس شرائط پر پورا نہیں اترتا۔ ہمیشہ عہدے کا تقدس اور غیر جانبداری کا خیال رکھا۔ سینیٹ کے رکن کے طور پر بھی پارلیمان کے وقار کیلئے کوشش کرتا رہوں گا۔

دوسری جانب قائد ایوان شبلی فراز نے حکومتی سینیٹرز کے اعزاز میں ظہرانہ دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ سینیٹرز کی اکثریت ہمارے ساتھ ہے۔ ادھر بی این پی مینگل اور مسلم لیگ فنکشنل کے کسی رکن نے ظہرانے میں شرکت نہیں کی۔