چیئرمین سینیٹ کیخلاف تحریک عدم اعتماد ناکام بنانے کی حکمت عملی تیار

Last Updated On 22 July,2019 05:03 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) حکومتی اور اتحادی جماعتوں کے سینیٹرز نے چیئرمین سینیٹ کے خلاف تحریک عدم اعتماد ناکام بنانے اور ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کے خلاف تحریک کامیاب بنانے کی حکمت عملی تیار کرلی۔ قائد ایوان سینیٹ کا کہنا تھا کہ اپوزیشن جماعتوں کے سینیٹرز ہمارے کولیگ ہیں، ان کے ساتھ رابطے ہیں۔

قائد ایوان سینیٹ شبلی فراز کے زیر صدارت حکومتی اور اتحادی جماعتوں کے سینیٹرز کا اجلاس ہوا جس میں سینیٹر سجاد طوری، سینیٹر منظور کاکڑ، سنیٹر احمد خان، ولید اقبال، فاٹا کے آزاد ارکان مرزا آفریدی، اورنگزیب خان سمیت 26 سینیٹرز نے شرکت کی۔

اجلاس میں مسلم لیگ فنکشنل اور بی این پی مینگل کے سینیٹر شریک نہیں ہوئے۔

اجلاس میں چیئرمین سینیٹ کے خلاف تحریک عدم اعتماد کو ناکام بنانے کی حکمت عملی طے کی گئی جبکہ ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کے خلاف تحریک عدم اعتماد کو کامیاب بنانے کے لئے مشاورت کی گئی۔

سینیٹرز کے اجلاس میں منگل کو ہونے والے سینیٹ اجلاس کی حکمت عملی طے کی گئی۔ بعد ازاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے قائد ایوان شبلی فراز کا کہنا تھا کہ اپوزیشن جماعتوں کے سینیٹرز کی اکثریت نالاں ہے۔ اپوزیشن جماعتوں کے سینیٹرز ہمارے کولیگ ہیں، ان کے ساتھ رابطے ہیں۔