اسلام آباد: (دنیا نیوز) چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی اور ڈپٹی چیئرمین سلیم مانڈوی والا کے خلاف عدم اعتماد کا فائنل راؤنڈ قریب آ گیا۔ صدر مملکت نے ایوان بالا کا اجلاس یکم اگست کو طلب کر لیا۔ 23 جولائی کو اپوزیشن کی ریکوزیشن پر اجلاس میں قراردادوں پر رائے شماری کا امکان نہیں ہے۔
صدر مملکت عارف علوی نے یکم اگست کو سینیٹ کا اجلاس آئین کے آرٹیکل 54 کی شق 1 کے تحت طلب کیا ہے۔ چیئرمین اور ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کیخلاف عدم اعتماد کی قراردادوں کے حوالے سے اجلاس کیلئے سمری وزارت پارلیمانی امور نے بھجوائی تھی۔ اپوزیشن اور حکومتی ارکان کی قراردادوں پر ووٹنگ خفیہ رائے شماری کے ذریعے ہوگی۔
اس سے قبل چیئرمین صادق سنجرانی نےاپوزیشن کی ریکوزیشن پر سینیٹ کا اجلاس 23 جولائی کو طلب کیا تھا۔ سینیٹ سیکرٹریٹ ذرائع کے مطابق اس اجلاس کا ایجنڈا پیر کو تیار کیا جائے گا، تاہم چیئرمین سینیٹ کو ہٹانے کی قرارداد کو ایجنڈے میں شامل کئے جانے کا امکان نہیں ہے، منگل سے ہو رہے سیشن میں تحریک عدم اعتماد پر صرف بحث ہوگی۔