اسلام آباد: (ویب ڈیسک) صدر مملکت ڈاکٹرعارف علوی نے یقین دلایا ہے کہ حکومت ملک میں معاشی سرگرمیوں کے فروغ کیلئے سرمایہ کاروں کو مکمل سہولتیں فراہم کرے گی۔
انہوں نے یہ بات تاجروں اور کاروباری شخصیات سے باتیں کرتے ہوئے کہی جنہوں نے آج کراچی میں ان سے ملاقات کی اور انہیں عید کی مبارکباد دی۔
سرکاری میڈیا کے مطابق اس موقع پر صدر ڈاکٹر عارف علوی کا کہنا تھا کہ ملک میں کاروبار کو آسان بنانے کیلئے مربوط اقدامات کئے جا رہے ہیں اور ان پالیسیوں کے نتائج جلد سامنے آئیں گے۔
صدر ڈاکٹر عارف علوی نے اس اعتماد کا اظہار کیا کہ موجودہ مشکل معاشی صورتحال پر جلد قابو پا لیا جائے گا۔
تاجروں اور کاروباری شخصیات نے صدر کو اپنے مسائل کے بارے میں بتایا۔ سفارتکاروں اور سیاسی شخصیات سمیت معاشرے کے مختلف طبقوں سے تعلق رکھنے والے لوگوں نے گورنر ہاؤس کراچی میں صدر سے ملاقات کی اور انہیں عید کی مبارکباد دی۔